لاہور (نمائندہ خصوصی)حکومت نے ابھی تک ویکسی نیشن نہ کروانے والوں سے رابطہ کرنے اور انہیں ویکسین لگوانے پر قائل کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔
انگریزی اخبار ” ڈان نیوز “ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں کورونا ویکسین کی 8 کروڑ 70 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں لیکن نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ویکسین نہ لگوانے والوں سے رابطہ کرنے اور انہیں ویکسی نیشن کے لیے قائل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مرکزی ہدف وہ اضلاع ہوں گے جہاں ویکسین شدہ افراد کی شرح دوسرے اضلاع سے کم ہے۔
اپنے بیان میں این سی او سی نے کہا کہ اس نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ان تحصیلوں کو ہدف بنانے کا جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جہاں ویکسی نیشن کی شرح دیگر کے مقابلے میں کم ہے۔بیان میں کہا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے غیر ویکسین شدہ افراد کو ٹریس کرکے ان سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ انہیں ویکسی نیشن کے لیے قائل کیا جاسکے، ہدف یہ ہے کہ جلد از جلد زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانا یقینی بنایا جاسکے۔سینٹر نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسین لگوائیں تاکہ ملک میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہوسکیں۔
وزارت قومی صحت کے ایک عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ اگر ضلعی انتظامیہ اور اگلے مرحلے میں پولیس کی جانب سے رابطہ کیا جائے تو لوگوں کی اکثریت ویکسی نیشن سے گریز نہیں کرے گی۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 6 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد کی جزوی اور 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہوگئی ہے۔
ابھی تک ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کو ڈھونڈ کر حکومت ان کے ساتھ کیا کرنے جارہی ہے ؟ بڑا فیصلہ کر لیا گیا
