• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ادب کا نوبل پرائز تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے مصنف عبدالرزاق گرناہ کے نام

Oct 8, 2021

لندن (نمائندہ خصوصی) ادب میں نوبل انعام کا حق دار برطانیہ میں مقیم تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے مصنف اور ادیب عبدالرزاق گرناہ کو قرار دیا گیا ہے۔
العربیہ کے مطابق عبدالرزاق گرناہ کو یہ ایوارڈ ان کی مختلف براعظموں اور ثقافتوں میں افراد اور معاشروں پر نقل مکانی کے اثرات کے بارے میں بلند پایہ ادبی تصانیف پردیا گیا ہے ،انھوں نے نوآبادیات اور مہاجرت کو اپنے ناولوں میں موضوع بنایا ہے۔
عبدالرزاق گرناہ برطانیہ کی کینٹ یونیورسٹی میں مابعد نوآبادیاتی ادب کے پروفیسرکی حیثیت سے ریٹائر ہوئے ہیں، انہیں یہ ایوارڈ گرناہ کے استعماریت کے اثرات اور پناہ گزینوں کے انجام کے بارے میں سمجھوتا نہ کرنے اور دردمندانہ انداز میں ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
عبدالرزاق گرناہ کو جب سویڈش اکیڈمی سے ادب میں نوبل انعام کے فیصلے سے متعلق فون کال موصول ہوئی تو اس وقت وہ برطانیہ کے جنوب مشرق میں واقع کینٹربری میں اپنے گھر کے باورچی خانے میں تھے۔شروع میں توانھوں نے یہ خیال کیا کہ ’’یہ کوئی شرارت ہے۔‘‘ان کا کہنا ہے کہ وہ یہ ایوارڈملنے پر’’حیران اورسراپا عجز وانکسار‘‘ ہیں۔
عبدالرزاق گرناہ کے مطابق ہجرت ، مسافت اور دربدری ایسے موضوعات ہیں جن سے ہمیں روزانہ ہی پالا پڑتا ہے۔انھوں نے اپنی ادبی تخلیقات کے لیے ان منفرد موضوعات کا انتخاب کیا۔یہ ایسے مسائل ہیں جو اس وقت اس سے بھی زیادہ سنگین صورت حال اختیار کرچکے ہیں جب وہ خود 1960 کی دہائی میں برطانیہ آئے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ’’لوگ مر رہے ہیں، دنیا بھر میں لوگوں کو تکالیف پہنچائی جا رہی ہیں۔ہمیں ان معاملات سے انتہائی دردمندی ،احسان مندی اور مہربانی کے طریقے سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔