ساہیوال(خاورعلی چوہدری سے) ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چیچہ وطنی کی جانب سے فنّی و پیشہ ورانہ مہا رت کی نمائش اور کورس کی کامیاب تکمیل کے بعد طلبہ کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ملازمت کے حصول کیلئے ایمپلائمنٹ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا۔رائے اقبال ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ 2015 سے چیچہ وطنی میں عوام کی بھر پورخواہش سے گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے قائم کیا گیاادارہ میں اس وقت 6 شعبہ جات آٹو الیکٹریشن، انڈسٹریل الیکٹریشن، کلینیکل اسسٹنٹ ، ڈریس میکنگ، کمپیوٹر اور ویلڈر / فیبریکیٹر چلائے جا رہے ہیں۔ادارہ سے ہزاروں طلباءو طالبات ہنر مند ہو کرزندگی کے مختلف شعبہ جات میں اپنا روزگار کما رہے ہیں۔ادارہ سے کورس کرنے والوں کی84% جاب پلیسمنٹ ریشو ہے۔ جو کہ کسی غیر انڈسٹریل علاقہ کی عوام کیلئے خوش قسمتی ہے۔ ادارہ میں زکوٰة فنڈ سے فری ٹریننگ اور تعلیم کے ساتھ ساتھ مفت کتابیں ، مفت یونیفارم، مفت لیب میٹریل اور ماہانہ وظیفہ 500/- روپے دیا جاتا ہے۔ رائے اقبال ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چیچہ وطنی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔ تقریب میں جناب انیس الرحمٰن منصورصاحب(پریذیڈنٹ ڈسٹرکٹ بورڈ آ ف مینجمنٹ ساہیوال) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریب میں شامل ہونے والے مہمانان گرامی ، ایمپلائر کمپنیوں کے نمائندوں اور طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک سے غربت کے خاتمے اور محرومی کے شکار نوجوانوں کو فنّی تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور VTI چیچہ وطنی کی کاوشوں کو بھر پور سراہا۔پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کی جانب سے ایریا منیجر غلام احمد جوئیہ اور پرنسپل رائے اقبال ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چیچہ وطنی الفت رسول نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانان گرامی کا استقبال کیا اور تقریب کے انتظامات کا منظّم انداز میں اہتمام کیا۔تقریب میںشامل ہونے والے دیگر شرکاءمیں مس راحت سلطانہ (پرنسپل گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر چیچہ وطنی)، ایس اے ساجدپریذیڈنٹ پریس کلب چیچہ وطنی، جنرل سیکرٹری حافظ محمد فہیم جاوید، نائب صدر نوید رضوان،شیخ جاوید منیر ریٹائر ڈ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج اور میڈیا نمائندگان شامل تھے۔ دوران تقریب VTIطلبہ کی جانب سے بیوٹیشن ، ڈریس میکنگ اور کلینکل اسسٹنٹ ٹریڈ کے سٹالز کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں تقریب کے شرکا کو ہیر سٹائل ، ہیر کٹنگ، اوورلاک، پیکو ، بلڈپریشر، شوگر اور ہیپا ٹائٹس کے ٹیسٹ کی سہولیات مفت فراہم کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر تمام مہمانانِ گرامی نے کلاسوں اور پریکٹیکل لیبز کا دورہ کیا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کے بین الاقوامی معیار کو سراہا۔تقریب میں طلبہ کے انٹرویوز لینے کیلئے ملک بھر کی مشہور کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی اور کامیاب ہونیوالے طلبہ کو جاب آفر پیش کی گئی۔ مذکورہ ایمپلائمنٹ ڈرائیو میں 150 طلباءو طالبات نے نوکری حاصل کرنے کیلئے انٹرویو دیئے۔ ان کمپنیوں میں گولڈن پرل کاسمیٹکس، سوزوکی چیچہ وطنی موٹرز، نکھار انٹرنیشنل کاسمیٹکس اور سلک کاسمیٹکس نمایاں تھیں۔تقریب پرنسپل الفت رسول صاحب کے اختتامی کلمات کے ساتھ بطریق احسن اپنے اختتام کو پہنچی ۔ مقامی حلقوں میں رائے اقبال ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چیچہ وطنی کی جانب سے کئے جانے والے اقدام کو بہت سراہا گیا اور مقامی آبادی اور دیگر شرکا نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا کہ رائے اقبال وو کیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چیچہ وطنی میں مزید فنی و پیشہ ورانہ کورسز متعارف کروائیں جائیں تاکہ علاقہ بھر کے غریب نوجوان پیشہ ورانہ مہارت کی تعلیم سے آراستہ ہو کر کامیاب عملی زندگی گزار سکیں اور وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان صاحب کا فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کی ترقی اور بڑھتے ہوئے رجحان کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچے۔لیکن بدقسمتی سے عوام دشمن پی ٹی آئی پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اس بلڈنگ کو خالی کروانے کے لیے کمر بستہ ہے ۔اور عوام کو اس مفت اور معاشی’خوشحالی سے دور کرنا چاہتی ہے ۔جو بدقسمتی ہے