• Thu. Jul 3rd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کسانوں کو بے دردی سے اپنی گاڑی تلے کچلنے والے بھارتی وزیر کے بیٹے کو 6 روز بعد گرفتار کرلیا گیا

Oct 10, 2021

لکھنؤ (نمائندہ خصوصی) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں سکھ کسانوں کو اپنی گاڑی تلے کچل کر قتل کرنے والے آشیش مشرا کو گرفتار کرلیا گیا۔ وہ انڈیا کے وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا کے صاحبزادے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق آشیش مشرا کو ہفتے کے روز سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے تفتیش کیلئے بلایا تھا۔ صبح کے وقت آنے والے ملزم سے خصوصی ٹیم نے کئی گھنٹوں تک تفتیش کی جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
ہفتے کی رات کو ایس آئی ٹی کے سربراہ اپندر اگر وال نے تصدیق کی کہ آشیش مشرا کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جس وقت آشیش مشرا سے تفتیش کی جا رہی تھی اس وقت ان کے والد وزیر مملکت برائے داخلہ اشیش مشرا وکیلوں کی ایک بڑی ٹیم کے ساتھ باہر موجود رہے۔
کسانوں کو گاڑی تلے کچل کر مارنے کے مقدمے میں پولیس نے دو ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا تاہم وزیر کے بیٹے کی گرفتاری نہیں ہوپائی تھی جس کے باعث اس کے گھر پر نوٹس چسپاں کردیا گیا تھا۔ آشیش کے والد نے جمعہ کو کہا تھا کہ ان کے بیٹے کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے وہ ہفتے کو خود ہی تفتیش کیلئے پیش ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ آشیش مشرا کے خلاف ضلع لکھیم پور کھیری میں اپنی گاڑی تلے چار کسانوں کو کچل کر قتل کرنے کا الزام ہے۔ وہ اس حوالے سے درج کیے گئے مقدمے کے مرکزی ملزم ہیں۔ چار کسانوں کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں مزید چار لوگ مارے گئے تھے۔
کسانوں کی ہلاکت کا واقعہ 3 اکتوبر کو اتوار کے روز پیش آیا تھا تاہم وزیر کے بیٹے کو چھ دن بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس واقعے کی ویڈیو بھی موجود ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس بے دردی سے وزیر کے بیٹے نے کسانوں کو اپنی گاڑی تلے روندا۔
دوسری جانب اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے کو منشیات کے الزام میں 5 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا حالانکہ ان کے پاس سے نہ تو منشیات برآمد ہوئیں اور نہ ہی ان پر منشیات کے استعمال کا الزام ثابت ہوسکا۔ یہ دہرا معیار سامنے آنے کی وجہ سے بھارت سمیت دنیا بھر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا تھا۔