• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

تاجران کے مسائل ہمارے مسائل ہیں، ان کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا،

Oct 15, 2021

ڈیرہ اسماعیل خان: چیف ایگزیکٹیو آفیسر کینٹ بورڈ ڈیرہ فیصل منیر وٹو نے کہا ہے کہ تاجران کے مسائل ہمارے مسائل ہیں، ان کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا، کنٹونمنٹ بورڈ میں اراضی و ملازمین ریکارڈ ، شکایات و درخواست کے نظام ، بجٹ، نادرا کے نظام کو چارج سنبھالنے کے بعد صاف شفاف بنانے کیلئے کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے جو کہ پاکستان بھر کے کنٹونمنٹس بورڈز میں 10سال سے ہوچکا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کے جنرل بس سٹینڈ میں پہلی مرتبہ نکاسی آب کے کھلے نالوں پر سلیٹس لگا دی گئی ہیں،پارکنگ ایریا کو گرائنوڈ کرکے لیول کردیا گیا ہے، سیکورٹی کے نظام کیلئے 16خفیہ کیمروں کی تنصیب ہوچکی ہے۔ ویٹنگ ایریا میں چھت کی مرمت کے علاوہ پینے کا صاف ٹھنڈا پانی بھی فراہم کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی نشست کے دوران کیا۔ اس موقع پر نومنتخب ممبر کنٹونمنٹ بورڈمیجر(ر) کفایت اللہ گنڈہ پور اور انجمن تاجران شرقی سرکلر روڈ و کینٹ ایریا کے صدر چوہدری جمیل احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران چوہدری جمیل احمد نے کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر فیصل منیر وٹو کو کینٹ بازار ایریا کے تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کو مسائل کے حل کے حوالے سے باہمی تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ سی ای او کینٹ بورڈ فیصل منیر وٹو نے بھی صدر تاجران کو کینٹ بورڈ کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کینٹ ایگزیکٹیو آفیسر فیصل منیر وٹو نے کہا کہ کینٹ ایریا میں ماحول کی بہتری کیلئے دس سے بارہ فٹ کے 2500سایہ دار اور پھلدار پودے لگائے گئے ہیں جن میں چنار، تبوبیا، پلکن، کچنار اور مورنیگا کے پودے شامل ہیں۔ ٹیکسوں کی وصولی کے حوالے سے سال2020-21کے دوران کینٹ بورڈ نے 100سے 154 فیصد زائد ٹارگٹ حاصل کرلیا ہے،دریائے سندھ روڈ کو پہلے سیکورٹی مسائل کے باعث بند رکھا گیا تھا لیکن اب اس روڈ کو کھول دیا گیا ہے، وہاں پر موجود یادگار شہداء عاطف شہید پارک کی مرمت اور بہتری کا کام مکمل کرلیا گیا ہے جہاں پرڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے تمام شہداء کے نام کندہ کئے گئے ہیں۔ کینٹ پبلک سکول میں تعلیم کا بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے، قابل اساتذہ کی بھرتی ، صفائی کی بہتری، یکساں نظام تعلیم کے نفاذ اور بہترین نتائج اس کے آئینہ دار ہیں۔دفتر کی 3سال سے غیر مستند شدہ سالانہ رپورٹ کا آڈٹ کرادیا گیا ہے، کینٹ ایریا میں سٹریٹ لائٹس لگا کر کینٹ کو روشن کردیا گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی کے حوالے سے کینٹ کے رہائشی ہم سے تعاون کریں اور ٹیکس واجبات بروقت ادا کریں۔ صوبائی اداروں کو کسی قسم کا کینٹ بورڈ ایریا میں ٹیکس چارجز ادا نہ کریں۔ اشیائے خوردونوش سے منسلک تاجران مذکورہ اشیاء حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فروخت کریں۔