بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں وزیراعظم پاکستان عمران خان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق عشرہ شان رحمت العالمین ؐکے سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف کی خصوصی ہدایات پر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کو برقی قمقموں سے سجایا گیا اور عشرہ شان رحمت اللعالمین کی مناسبت سے یونیورسٹی طالبات کے مابین مقابلہ حسن قرات و نعت،تحریری و تقریری مقابلہ جات، محفل میلاد برائے خواتین، اسلامی خطاطی کی نمائش و ورکشاپ، آن لائن نعتیہ مشاعرہ، قومی سیرت کانفرنس اور محفل سماع کا انعقاد کیا گیا۔دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں شعبہ فائن آرٹس کی جانب سے کیلیگرافی ورکشاپ منعقد ہوئی جس میں 90 سے زائد طالبات شریک ہوئیں جنہیں نامورخطاط ذاکر اللہ بلوچ وزیٹنگ لیکچرار شعبہ فائن آرٹس دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی و ایلومینائی نیشنل کالج آف آرٹس لاہور نے تربیت دی۔شعبہ فائن آرٹس کے زیر اہتمام اسلامی خطاطی کی نمائش بھی منعقد ہوئی جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے کیا۔ ان کے ہمراہ مسز عنبر تنصیر سوشل ورکر و کوآرڈینیٹر ایلومینائی دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی اور مسز نوشابہ ملک ڈسٹرکٹ آفیسر چائیلڈ پروٹیکشن بیورو شریک ہوئیں۔ اسی طرح شعبہ اردو کے زیر اہتمام شان رحمت اللعالمینؐ کی مناسبت سے نعتیہ مشاعرہ ہوا جس کی صدارت صدر شعبہ اردو ڈاکٹر عاصمہ رانی نے کی جبکہ مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف تھیں۔ نعتیہ مشاعرہ میں ڈاکٹر افتخار علی ایسوسی ایٹ پروفیسر گورنمنٹ ایس سی کالج، ڈاکٹر اشرف کمال، حافظ جمشید احمد، صالحہ ظفر،ڈاکٹر صائمہ شمس، اشرف جاوید ملک اور ڈاکٹر طاہر چشتی نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے بڑے خوبصورت اور دلکش انداز میں بارگاہ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ نعتیہ مشاعرہ کی میزبانی ڈاکٹر سائرہ ارشاد اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو نے کی۔ نوجوان نسل میں عشق مصطفی کی شمع روشن کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کی جانب سے محفل میلاد برائے خواتین دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت بطور مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف تھیں اور میڈم سمیرا ملک ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ محفل میلادالنبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم میں طالبات نے والہانہ عقیدت سے بارگاہ مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم میں نعتوں اور درود وسلام کے گجرے پیش کرتے ہوئے محفل کو روح پرور بنادیا۔ اسی طرح شعبہ اسلامک سٹڈیز و ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز کی جانب سے آن لائن قومی سیرت کانفرنس ویڈیو کانفرنس روم میں منعقد کی گئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے کی۔ سیرت کانفر نس میں پروفیسر ڈاکٹر غلام شمس الرحمن جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، ڈاکٹر آسیہ شبیر ایسوسی ایٹ پروفیسر لاہورکالج ویمن یونیورسٹی،پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور ڈاکٹر حمیرا ارشد اسسٹنٹ پروفیسرپوسٹ گریجوایٹ اسلامیہ کالج لاہور نے سیرت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مختلف ابواب پر روشنی ڈالی۔اسٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ماہ ربیع الاول کی تقریبات کے حوالے سے محفل سماع کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف بطور مہمان خصوصی شریک ہوئیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی تقاریب کے بہترین اور کامیاب انتظام پر ڈائریکٹوریٹ اسٹوڈنٹس افیئرز، چیئر پرسن شعبہ اردو، چیئرپرسن شعبہ اسلامک سٹڈیز، ہیڈ شعبہ فائن آرٹس اور سٹیٹ کیئر ڈیپارٹمنٹ سمیت تمام منتظمین اور طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے میں ہی نجات ہے۔ بلاشبہ حضور اکرم کی ذات اقدس ہر لحاظ سے ہمارے لئے آئیڈیل ہے۔ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کو بطور معلم دیکھیں تو آپ جیسا کوئی نہیں اگر منتظم دیکھیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ وائس چانسلر نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے اس پر فتن دور میں سیرت طیبہ کے مطالعہ کو لازمی سمجھتے ہوئے اس کا نا صرف مطالعہ کریں بلکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی طریقت پر چلیں تاکہ دنیا میں بھی کامیابی ملے اور آخرت میں بھی آپ سرخرو ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے منعقدہ تمام مقابلہ جات میں پوزیشن ہولڈرز طالبات کو مبارکباد اور انعامات سے نوازا۔ تمام روحانی تقاریب میں یونیورسٹی اساتذہ، ایڈمنسٹریشن اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔