بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)سابق صوبائی وزیر و ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد بہت ذہین، باصلاحیت اور بصیرت کی نعمت سے مالامال ہیں۔ وہ رشیدیہ آڈیٹوریم بہاول پور آرٹس کونسل میں محکمہ سوشل ویلفیئر، گورنمنٹ سیکنڈری سکول فار دی بلائنڈ اور پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے اشتراک سے عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، پرنسپل گورنمنٹ سیکنڈری سکول فار دی بلائنڈ ارم اقبال، چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی سید صلاح الدین جیلانی، ممبران طارق مجید چوہدری، اعجاز بخاری، صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ عثمان سعید، سرپرست سید سلمان طارق بخاری، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ، محمد عذیر، پروگرام آفیسر ملک ذکاء اللہ، سپیشل ایجوکیشن ادارہ کے انچارج عقیل بخاری، اساتذہ اور سپیشل طلبہ موجود تھے۔سابق صوبائی وزیر و ممبر صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ عالمی یوم سفید چھڑی کی تقریب میں شرکت کر کے خوشی اور اطمینان حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نارمل افراد سپیشل افراد کی آنکھیں اور دست و بازو بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد کی فلاح وبہبود کے کاموں میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سپیشل افراد کی تعلیم اور ریسرچ کے کاموں کے لئے بہت جلد فیسلیٹیشن سنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ انہیں علم کے حصول میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل افراد بہت باصلاحیت ہیں۔ ان کے جذبہ اور کمٹمنٹ کو سلام پیش کرتا ہوں۔صدر پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ عثمان سعید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سپیشل افراد کی فلاح وبہبود کے کاموں میں کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی بیت المال اور دیگر ادارہ جات کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے عالمی یوم سفید چھڑی کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا۔ چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی سید صلاح الدین جیلانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل افراد معاشرہ کا اہم حصہ ہیں۔ ان کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود کے کاموں میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ تقریب سے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عذیر نے بھی خطاب کیا اور محکمہ سوشل ویلفیئر اور ضلعی بیت المال کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سید سلمان طارق بخاری نے شاندار انداز میں انجام دیئے۔ اس موقع پر گورنمنٹ سیکنڈری سکول فار دی بلائنڈ کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ بعد ازاں ضلعی بیت المال بہاول پور کی جانب سے 15سپیشل افراد میں مالی امداد کے چیک دیئے گئے۔ اسی طرح محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے 100عدد سفید چھڑی، 10عدد بریل فریم اور 15گھڑیاں سپیشل افراد کو دی گئیں۔ تقریب میں سپیشل بچوں نے خوبصورت انداز میں فوک موسیقی پیش کی۔