• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ، مفتاح اسماعیل نےحکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایسے سوال پوچھ لئے کہ وزراء بھی چکرا جائیں

Oct 17, 2021

کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کےرہنما اورسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہاہےکہ کیا مسلم لیگ ن نے روپے کی قدر 60 فیصد کم کرنے اور ڈالر کی قیمت بڑھانے کے لئے کہا تھا؟کیا وزرا کو علم نہیں کہ بجلی کے کارخانوں میں سےدو وفاق اور ایک پنجاب حکومت کی ملکیت ہیں؟حکومت اپنے آپ کو کرایہ دے کر کہتی ہے کہ بجلی اس لئے مہنگی ہو گئی کہ کرائے بڑھ گئے ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہناتھا کہ تحریک انصاف کی طرف یہ بات آئی ہے کہ کل جو بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئی ہے وہ ن لیگ کی غلطی ہے،جب ہم حکومت چھوڑ کر گئے تھے تب پاکستان خود کفیل تھا اناج میں ،ہم گیہوں بھی پورا پیدا کر لیتے تھے بلکہ ایکسپورٹ کرتے تھے ،ہم چینی بھی پوری پیدا کر لیتے تھے اور ایکسپورٹ کرتے تھے،آج اِن چیزوں کو ہمیں ملک میں امپورٹ کرنا پڑ رہا ہے،اس میں بھی وہ ن کی غلطی نکالتے ہیں،اب یہ خود فرماتے ہیں کہ 470 ارب روپے کرایہ دینا ہوتا تھا اور آج یہ کہتے ہیں کہ 700 ارب روپے دینا پڑ رہا ہے، اس لئے یہ ن لیگ کا قصور ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا ہم نے ان سے کہا تھا کہ روپے کی قدر 60 فیصد کم کریں اور ڈالر کی قیمت بڑھا دیں؟یہ ہمارا فیصلہ تھا کہ خود ان کی اپنی حکومت کا فیصلہ تھا ؟جب آپ کے پاس پاور دگنا ہو جائے گا تو ظاہر ہے اس کا آپ کو تھوڑا کرایہ تو زیادہ دینا پڑے گا ،یہ کون سی منطق ہے؟کیا آپ نہیں جانتے کہ آپ کے جو تین بڑے پاور پلانٹ بھیکی، بلوکی، حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹس جو 3600 میگا واٹ بجلی بناتے ہیں ،ان میں سے دو وفاق اور ایک پنجاب حکومت کی ملکیت ہیں اور حکومت اپنے آپ کو کرایہ دے رہی ہے؟کیا یہ نہیں جانتے کہ نیلم جہلم کا جو پراجیکٹ پرویز مشرف نے شروع کیا تھا اور آصف زرداری نے بھی مکمل نہیں کیا اسے میاں نواز شریف نے مکمل کیا تھا ،کیا یہ نہیں جانتے کہ یہ بھی حکومت کا پلانٹ ہے اور حکومت اپنے آپ کو کرایہ دے رہی ہے؟گیارہ میگا واٹ کا کناپ پاورپلانٹ بھی حکومت کا اپنا ہے،یہ حقیقت تحریک انصاف کو معلوم نہیں کہ یہ کرایہ خود حکومت کی جیب میں جارہا ہے؟حکومت اپنے آپ کو کرایہ دے رہی ہے اور کہتی ہے کہ بجلی اس لئے مہنگی ہو رہی ہے کہ کرایہ بڑھ گیا ،ایک تو ہم نے بجلی بڑھائی اور پاکستان کی پیداوار ڈبل کردیاور آپ کہتے ہیں کہ ن لیگ نے فالتو بجلی لگا دی،پھر مجھے بتا دیجئے کہ ہر گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کیوں ہوتی ہے؟فرنس آئل خریدنے کا آپ کو بہت زیادہ شوق ہے، ایل این جی کے لانگ ٹرم معاہدے آپ نہیں کرتے ،آج بھی جو بجلی پیدا ہو رہی ہے ۔

ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے جن سودوں کو آپ مہنگا سمجھتے ہیں وہ دس ڈالر میں آ رہی ہےاور جو سودے موصوف نے کئے ہیں وہ 20، پچیس اور تیس ڈالر میں آ رہی ہے،اور وہ سودے بھی ان کو نہیں مل رہے،سب سے مہنگی وہ توانائی ہوتی ہےجو آپ ملے ہی نہ،اس سردیوں میں جب پاکستان بھر میں لوگوں کے چولہے نہیں جلیں گے یا فیکٹریوں کے پہیے نہیں چلیں گے تو وہ غلطی صرف ایک شخص کی ہو گی اور اس کا نام ہے عمران خان ، آپ کسی اور کے اوپر الزام نہ ڈالیں ،حکومت کو تین سال سے زیادہ عرصہ ہو گیا ہے،اب اگر آپ کو کام نہیں آتا تو ’ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا ‘والی باتیں نہ کریں ،ہر طرف آپ نے تباہی مچائی ہے،چاہے وہ کپاس کی کم ترین 30 سال کی پیدا وار ہو،چاہے وہ گندم کی پریشانی ہو ، سمگلنگ ہو ، چاہئے چینی مافیا کے سامنے ہتھیار ڈالنا ہو ،چاہے ادویات مہنگی ہوں ،کہاں اور کس شعبے میں عمران خان نے ہاتھ ڈال کے تباہی نہیں مچائی؟اس شعبے کا مجھے نام بتا دیں،پی ٹی آئی کے دور میں تو ملک فوڈ سکیورٹی کے خطرات سے دوچار ہے، گندم، چینی اورکپاس باہر سے منگوانی پڑ رہی ہے،حکومت کرپشن، نااہلی اور نالائقی ماضی کی حکومت پر ڈال کر حقائق چھپا نہیں سکتی۔