• Wed. Jul 9th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

رحمت اللعالمین سکالر شپ کی تقسیم کے لئے گورنمنٹ گرلز کالج میں خصوصی تقریب کا انعقاد

Oct 20, 2021

ساہیوال(خاورعلی چوہدری سے)رحمت اللعالمین سکالر شپ کی تقسیم کے لئے گورنمنٹ گرلز کالج میں خصوصی تقریب کا انعقاد، 23 طالبات میں وظائف کے چیک تقسیم کیے گئے، تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی اور ضلعی کمپلینٹ سیل کے انچارچ شیخ محمد چوہان تھے، کالج کی 98بچیوں کو فی کس 25ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ پرنسپل مسز ارمغانہ زین کی بریفنگ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے رحمت اللعالمین سکالرشپ کی تقسیم کی خصوصی تقریب گورنمنٹ گرلز کالج میں منعقد ہوئی جس میں پہلے مرحلے میں 23طالبات میں وظائف کے چیک تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر علی بہادر قاضی اور تحریک انصاف کے رہنما شیخ محمد چوہان تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائیریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور کالج اساتذہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے وظائف کا اجراء ذہین طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ کوئی بچہ مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں ایک ارب روپے کے وظائف تقسیم کیے جائیں گے جس کے لئے طلبہ و طالبات کی سلیکشن کا فول پروف طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں پرنسپل مسز ارمغانہ زین نے بتایا کہ کالج کی 98بچیوں کو یہ وظائف دیے جائیں گئے اور پہلے مرحلے میں 23طالبات کو 25ہزار روپے فی طالبہ وظائف کے چیک دیے جا رہے ہیں۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے اپنے خطاب میں طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی پوری توجہ تعلیم کے حصول پر مرکو ز رکھیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو تلقین کی کہ وہ دینی تعلیم پر بھی توجہ دیں اور اسلام کے مکمل ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں تاکہ معاشرے میں رواداری اور امن کو فروغ مل سکے۔