بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)مرکزی میلادِ مصطفی کمیٹی کے زیر اہتمام سالانہ میلاد کانفرنس مرکزی عیدگاہ میں منعقد ہوئی جس میں ممتاز عالم دین علامہ سید حامد سعید کاظمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنحضورؐ کی ولادت باسعادت کے جشن میں شریک ہونا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ نے انسانیت کی قدروں کو کمال تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ دورِ جہالت میں آپؐ نے امن وسلامتی، عفو و درگزر کا درس دیا۔ آپؐ رحمت اللعالمین اور محسنِ انسانیت ہیں۔ آپؐ نے لوگوں کے دلوں کی حالت تبدیل کی۔ صدر مرکزی میلاد مصطفی کمیٹی علامہ عبدالرزاق شائق نے خطاب میں عشرہ شانِ رحمت اللعالمین کو سرکاری سطح پر منانے کا اہتمام کرنے پروفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کی کاوشوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے احسان اللہ راحت اور نجیب گیلانی کی قیادت میں بھرپور شرکت کرنے والے دعوت المسلمین اور انجمن تاجران کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔سالانہ میلاد کانفرنس میں مفتی جاوید مصطفی سعیدی، سید محمد خالد شاہ، مخدوم سجاد عثمانی، ملک ظہیر اقبال چنڑ، ملک محمد اصغر جوئیہ، اختر عباسی ایڈووکیٹ، حاجی حمید احمد قادری، شعبان فریدی،مہر قادر بخش، جام نور محمد، عبدالغفار شاہ، ڈاکٹر اکرم ازہری،سہیل کامران، عمران یوسف ایڈووکیٹ، علامہ فیاض قاسم، حافظ عبدالرزاق، مفتی محمد اقبال، سید میر جمال، سید غلام مصطفی شاہ ایڈووکیٹ، بلال بلوچ، ڈاکٹر رضوان اشرف، پروفیسر ندیم محبوبی سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے عمرے کے دوٹکٹ کی قرعہ اندازی کی۔ بعدازاں درود و سلام پیش کیا گیا۔ ملک کی سلامتی، ترقی وخوش حالی کے لیے دعا کی گئی اور شرکاء میں لنگر پیش کیا گیا۔