• Wed. Jul 9th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

خاتم النبینؐ کی حیات طیبہ عفو و درگزر، مساوات، رواداری اور اخوت کے بہترین واقعات سے عبارت ہے

Oct 22, 2021

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )خاتم النبینؐ کی حیات طیبہ عفو و درگزر، مساوات، رواداری اور اخوت کے بہترین واقعات سے عبارت ہے۔ حضور ؐ نے بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی مثالی معاشرہ تشکیل دیا جس سے علم و عمل کی شمعیں روشن ہوئیں۔خاتم الانبیاءؐ کی تشریف آوری تمام جہانوں کے لیے باعث رحمت ہے۔ جشن ولادت با سعادت منانے کے ساتھ ساتھ رحمت اللعالمینؐ کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ سیرت النبیؐ ہمارے لیے مشعل راہ اور فلاح ہے۔اللہ تعالی نے آپؐ کو رحمت العالمین بنا کر بھیجا۔یہ لقب اور شرف کسی اور کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں بہاول پورمیوزیم کے زیر اہتمام فن خطاطی پر مشتمل فن پاروں کی ورچوئل نمائش بارے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا بابرکت مہینہ اتباع رسولؐ اور اصلاح اعمال کا درس دیتا ہے۔ اپنی نسلوں کو اسلامی تعلیمات اور حضور ؐ کے حسن اخلاق سے بہرہ ور کرنا فرض عین ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ نبی کریمؐ کی بعثت سے معاشرے کے ہر پہلو میں انقلاب برپا ہوا جس نے انسانیت پر امن، فلاح اور رحمت کے در وا کیے۔ محمد زبیر ربانی نے کہا کہ میوزیم میں جاری تعمیراتی کاموں کے باعث اس سال بہاول پور کے معروف خطاط و مصوروں کے فن خطاطی پر مشتمل فن پاروں کی ورچوئل نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نمائش میں 11 سے زائد آرٹسٹ حضرات نے شرکت کی۔ محمد زبیر ربانی نے کہا کہ یہ تمام فن پارے ان کی عقیدت و محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا یہ آرٹسٹ ہمارا اثاثہ اور بہاول پور کی پہچان ہیں۔ یاد رہے کہ بہاول پور میوزیم کے زیر اہتمام منعقدہ اس ورچوئل نمائش میں استاد افضل جہانگیر، حاجی رب نواز، شعیب عاصم، مشتاق حسین شاہین، خالد سعید، گلزار ندیم، مس یاسمین انصاری، صہیب احمد سعید، مس صبا یاسین، ساجد احمد، عامر حسین، اور مس عظمی کنول کے فن پارے بہاول پور میوزیم کے فیس بک پیج پر زیر نمائش ہیں۔