بہاول پور( نویداقبال چوہدری سے) کرکٹ کے فروغ کے لئے پی سی بی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انتظامی امور کے حوالہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نیایس پی سی اے، پی سی بی انٹرکلب کرکٹ لیگ 22-2021 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار و اظہار کے لئے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد بنیادی ضرورت ہے جس کے لئے اس ٹورنامنٹ کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع سی ای او سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن عبدالصبور نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع کی فراہمی، ٹیلنٹ کی تلاش اور ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنانے کے مواقع فراہم کررہا ہے۔ بورڈ ممبر فرسٹ خالد فاروق نے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کا اس افتتاحی تقریب میں شرکت اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے وقت نکالنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ٹورنامنٹ میں 45 کلب حصہ لے رہے ہیں۔ عرفان علی کاٹھیا نے بیٹنگ کرتے ہوئے گیند کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا سے کھلاڑیوں کا تعارف بھی کروایا گیا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آ فیسر مقصود الحسن جاوید،ڈسٹرکٹ سپورٹس آ فیسر عامر حمید اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں فالکن کرکٹ کلب نے شاہین کرکٹ کلب کو واضع برتری سے شکست دے دی، نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں عامر سہیل نے 66,علی رضا نے 55،اور حسن نے 58 سکور کی اننگز کھیلی۔