بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)چولستان بلائنڈ کرکٹ ٹرافی2021ء کی افتتاحی تقریب ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیانے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ ٹورنامنٹ 27اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ شاندار کھیل، نظم و ضبط اور سپورٹس مین سپرٹ کی تعریف کی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر حمید، جنرل سیکرٹری بلائنڈ کرکٹ ٹیم سید سلمان طارق بخاری، عثمان سعید صدر بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور شائقین موجود تھے۔ پہلا میچ بہاول پور بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور اوکاڑہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔اوکاڑہ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 159 رنز بنائے اور 2کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ بدر منیر نے81رنز سکور کیے۔ بہاولپور بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف15.5 اوورز میں حاصل کر لیا اور فاتح قرار پائے۔راشد 88رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ دوسرا میچ لاہور بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور کوئٹہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مابین کھیلا گیا۔ لاہور بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 8وکٹ کے نقصان پر254رنز بنائے۔ کوئٹہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر54 رنز بنائے۔ اس طرح یہ میچ لاہور بلائنڈ کرکٹ ٹیم جیت گئی۔