دبئی (نمائندہ خصوصی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران انڈین میڈیا پر ایک منٹ کے اشتہار کا ریٹ 14 کروڑ روپے تھا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے بڑھ بڑھ کر باتیں کیں جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ بزنس حاصل کرنا ہے۔ انڈین میڈیا پر پاک بھارت میچ کے دوران چلنے والے ایک منٹ کے اشتہار کا ریٹ 6 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 14 کروڑ پاکستانی روپے) تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ دبئی میں ایک انڈین چینل کے مالک کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے، اس دوران انہوں نے اس مالک سے کہا کہ اتنی زیادہ ہائپ نہ بناؤ کیونکہ اگر آپ میچ ہار گئے تو اگلا میچ سات دن بعد ہے، پھر آپ سات دن کیا بیچو گے، اتنا بیچو کہ جتنا اگلے اتوار تک کام آجائے۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر اگلے میچ میں نیوزی لینڈ ٹاس جیت گیا تو انڈیا مشکل میں آجائے گا اور اس بات کے بہت زیادہ امکانات ہیں کہ ورلڈ کپ سے ہی باہر ہو جائے۔
“پاک بھارت میچ، انڈین میڈیا پر ایک منٹ کے اشتہار کا ریٹ 14 کروڑ روپے تھا” شعیب اختر کا تہلکہ خیز دعویٰ
