• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹی 20ورلڈ کپ ، یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی

Oct 28, 2021

دبئی (نمائندہ خصوصی) انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے 125 رنز کا ہدف15 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔انگلینڈ کی جانب سے دونوں اوپنرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف وکٹ کے چاروں جانب شاٹس کھیلیں۔جوس بٹلر 18 گیندوں پر 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم اسکے بعد آنے والے ڈیوڈ میلان نے بھی جارحانہ انداز اپنا اور بنگلہ دیشی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔جیسن رائے نے 38 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،انکی اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیو ڈ میلان28 اور جونی بیئر سٹو آٹھ رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔بنگلہ دیش کی جانب سے نسیم احمد اور شریف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کے باؤلرز نے انہیں کسی بھی مقام پر کھل کر نہ کھیلنے دیا ۔ معین علی نے تیسرے ہی اوور کی دوسری گیند پر اوپنر لٹن داس کو پویلین کی راہ دکھا دی ، لٹن داس صرف 9 رنز بنا سکے ۔ اگلی ہی گیند پر محمد نعیم بھی کیچ تھما بیٹھے ۔ بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ چھٹے اوور کی دوسری گیند پر 26 کے مجموعی سکور پر گری جب ووکس کی گیند پر شکیب الحسن صرف 4 رنز بنا کر راشد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ مشفیق الرحیم بنگلہ دیش کی جانب سے آؤٹ ہونےوالے چوتھے کھلاڑی تھے ، انہوں نے 29 رنز بنائے ، وہ لیونگسٹون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔عفیف حسین صرف 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔کپتان محمد اللہ کی ہمت بھی 19 رنز بنا کر جواب دے گئی ، محمد اللہ بھی لیونگسٹون کا شکار بنے ، ان کا کیچ ووکس نے تھاما ۔ نور الحسن نے 16،مہدی حسن 11 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ مستفیض الرحمان صفر پر آؤٹ ہوئے ۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹا س جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ٹیم بنگلہ دیش کی ٹیم میں لٹن داس ، محمد نبی ، شکیب الحسن ، مشفیق الرحیم ، عفیف حسین ، نورالحسن ( وکٹ کیپر) ، مہدی حسن ، شریف الاسلام ، نسیم احمد اور مستفیض الرحمان شامل ہیں ۔انگلینڈ کے گیارہ کھلاڑیوں میں جیسن رائے ، جوز بٹلر ( وکٹ کیپر)، ڈیوڈ میلان، جونی بریٹسو ، لائم لیونگسٹون ، معین علی ، کرس ووکس ، کرس جورڈن ، ٹیمل ملز شامل ہیں ۔