بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) ریجنل پولیس آفیسرمحمد زبیر دریشک نے آر پی او آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری کے دوران پبلک کی شکایات سن کر موقع پر احکامات جاری کیے۔ تفصیل کیمطابق آر پی او نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا،ریجن بھر سے آئے ہوئے سائلین نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ شہریوں کے جائز مسائل حل کرنا پولیس کی ذمہ دار ی ہے، تھانہ میں آنے والے سائلین و متاثرین سے اخلاق سے پیش آئیں تاکہ وہ خود کو محفوظ سمجھیں۔ تاخیری حربے استعمال کرنے سے اجتناب کریں اور کسی بھی جرم کے وقوع پذیر ہونے پر فوری ایف آئی آر درج کی جائے تاکہ متاثرین کی دادرسی ہوسکے ان خیالات کا اظہار آر پی او محمد زبیردریشک نے آر پی او آفس میں قائم کی جانے والی کھلی کچہری کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن، انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب کی ہدایت پرعوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہری کا سلسلہ شروع رکھے ہوے ہیں۔ پبلک دفتری اوقات میں کسی بھی لمحہ آسکتے ہیں ان کیلئے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ بعدازاں آر پی او نے ریجن بھر سے آئے لوگوں کے مسائل کو سنا اور موقع پر ڈی پی اوز /ایس ڈی پی اوز کو فون کالز کے ذریعے احکامات بھی جاری کیے۔