• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں کشمیری سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ بھر پور انداز سے منایا گیا

Oct 27, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے )اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں کشمیری سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ بھر پور انداز سے منایا گیا۔ اس موقع پرانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی ہدایت پر تمام کیمپسز میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف خصوصی تقریبات سیمینار و تصاویری مقابلے منعقد ہوئے۔ شرکاء نے کہا کہ اہلیانِ کشمیر کے ساتھ جس جبر اور ظلم کا مظاہرہ کیا گیا اُس کی مثال دنیا کی تاریخ میں ملنا مشکل ہے۔ 27اکتوبر 1947کا دن تاریخ میں ایک سیاہ دن کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جب بھارتی فوجیں کشمیر میں اُتریں اور اُس دن سے جدوجہد آزادی کا آغاز ہوا اور آج تک کشمیریوں کی چوتھی نسل اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ حال ہی میں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیریوں کی خصوصی شناخت ختم کر ڈالی اور خطہ کو مختلف حصوں میں تقسیم کر کے تحریک آزادی کو ختم کرنے کی مذموم کوشش کی ۔ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام بہاولپور آرٹس کونسل میں کشمیری جدوجہد آزادی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے موضوع پر اساتذہ اور طلباء وطالبات کے بنائے ہوئے فن پاروں کی نمائش کا آغاز ہوگیا۔ طلباء وطالبات نے فن مصوری، خطاطی ، منی ایچر اور آرٹ کی مختلف اصناف میں تحریک آزادی کے مختلف ابواب اور بزرگوں ، بچوں اور نوجوانوں کی لازوال قربانیوں کو بہتر متاثر کن انداز میں پیش کیا۔اس موقع پر خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر ، ڈائریکٹر آرٹس کونسل زبیر ربانی ، سینڈیکیٹ ممبر سمیرا ملک، پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن ماریہ انصاری اور طلباء وطالبات موجود تھے۔ شعبہ پاکستان سٹڈیز نے خصوصی سیمینار منعقد کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی اور دیگر اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھٹرکتے ہیں۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کشمیر کوواشگاف انداز میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک عالمی مسئلے کے طور پر پیش کیا جس کے نتیجے میں بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کی شکار ہو گئی اور کشمیریوں پر جبر و تشدد میں اضافہ کر دیا۔ وہ دن دور نہیںکہ جب کشمیری آزاد ی کی فضائوں میں سانس لے گے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس آفیئرز کے زیر اہتمام بغداد الجدید کیمپس میں کشمیریوں سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے خصوصی ریلی میں اساتذہ اور طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔