• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ایکسپو 2020میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔

Nov 2, 2021

بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے )وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ایکسپو 2020میں پاکستان پویلین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ دبئی ایکسپو کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوئی،جس خوبصورت انداز میں وطن عزیز کی تاریخ، سماج اور ثقافت کو اُجاگر کیا گیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ پاکستانی پویلین کا دورہ کر کے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہو جا تا ہے اور اس سے ایک روشن اور تابناک مستقبل کی جھلک نظر آتی ہے۔ دریں اثناء وائس چانسلر نے ادارہ فریش لیف متحدہ عرب امارات کے سربراہ مامون بیگ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل، ڈائریکٹر انٹرکراپنگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر محمد علی رضا اور ایگزیکٹو سیکرٹری محمد خالد شیخ بھی موجود تھے۔سیکرٹری زراعت نے کہا کہ حکومت زرعی اجناس اور مصنوعات کی دوسروں ممالک برآمدات کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کسانوں کی تربیت اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک تک پاکستانی زرعی مصنوعات کی ایکسپورٹ کی تجویز خوش آئند ہے۔ مامون بیگ نے کہا کہ وہ پاکستان خصوصا جنوبی پنجاب سے بہترین معیاری زرعی مصنوعات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ذریعے دبئی ایکسپورٹ کے لیے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی کسانوں کو ایسی زرعی اجناس کی برآمدات میں مکمل معاونت فراہم کریں گے جن سے وہ بین الاقوامی ضروریات کے مطابق ان کی کاشت، پیکیجنگ، مارکیٹنگ اور ایکسپورٹ کے قابل ہو جائیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اپنے زرعی ماہرین اور مارکیٹنگ ماہرین کے ذریعے کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کے مابین رابطہ کاری اور تکنیکی معاونت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔