بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)پاکستان پیپلزپارٹی بہاولپور ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہیکہ حکومتی ریلیف پیکیج اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے جو پریشان حال قوم کے ساتھ سراسر فراڈ و دھوکہ ہے کیونکہ ایک دن پہلے ارباب اختیار نے یوٹیلٹی سٹور پر گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں اضافہ کیا ہے اور ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات، چینی آٹا سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کئی گنا تک بڑھ چکی ہیں جبکہ عمران نیازی کا صرف 30 فیصد ریلیف دینے کا ناٹک قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔انہوں نے کہاکہ ہوشربا مہنگائی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو رہی ہے جبکہ کھلاڑی وزیراعظم کا ایک طرف 30 فیصد تک ریلیف دینے کا اعلان دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھانے کی نوید سنا کر غریب عوام سمیت ہر مکتبہ فکر کی نیندیں حرام کر دی ہیں جو حکمرانوں کی دوغلی و منافقانہ پالیسیوں کی بدترین مثال ہے اسی طرح وفاقی حکومت نے بجٹ میں بھی ایک طرف سرکاری ملازمین کی صرف 10 فیصد تنخواہیں بڑھائی جبکہ دوسری جانب انکے پروویڈنٹ فنڈ اور میڈیکل الاونس سمیت دیگر الاونسز پر ٹیکس لگا کر ریلیف صفر بٹا صفر کر دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سابقہ وفاقی حکومت اور واحد صوبائی سندھ حکومت ہے جس نے دل کھول کر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جہاں ان کے ملازمین کو دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ تنخواہیں مل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری اسمبلی فلور سمیت ہر فورم پرعملی طور پر غریب عوام، کسانوں مزدوروں،سرکاری ملازمین،پنشنرز سمیت ہر مکتبہ فکر کی بھرپور نمائندگی کا حق ادا کر رہے ہیں جس نے ذی شعور عوام کے دل جیت لیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری تمام مصحلتوں کو بالائے طاق رکھ کر حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کو ڈنکے کی چوٹ پر حدف تنقید بنا رہے ہیں اور اپنی عظیم ماں اور نانا کے نقش قدم پر چل کر حقیقی عوامی لیڈر و زیرک سیاستدان ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ملک شاہ محمد چنڑ نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں اور انشائاللہ وہ جلد وزیراعظم پاکستان منتخب ہو کر وطن عزیز کو تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کی نئی راہوں پر ڈالیں گے۔