• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کورونا ویکسینیشن ہر دہلیز پر (RED) خصوصی مہم کو 12 نومبر تک 100 فیصد یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں

Nov 4, 2021

بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے ) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ کورونا ویکسینیشن ہر دہلیز پر (RED) خصوصی مہم کو 12 نومبر تک 100 فیصد یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ بہاولپور کے آفس میں دو روزہ دورے کے دوران ضلع بھر میں (RED) مہم کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے تمام افسران فیلڈ میں نکلیں اور ہر گھر تک اپنی رسائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والوں کو اس وائرس کے مہلک اثرات بارے آگاہ کیا جائے اورمعززین علاقہ اورعلماء کرام کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے تاکہ مطلوبہ ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کورونا مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے باقاعدہ میٹنگز جاری رہیں گی جبکہ اس کی مانیٹرنگ کیلئے وہ خود فیلڈ کے دورے کرینگے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پبلک و نجی اداروں میں صرف کورونا ویکسین لگانے والوں کی ہی انٹری کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 25 اکتوبر سے جاری اس کورونا ویکسین مہم (RED) کے دوران اب تک ضلع بہاولپور میں لاکھوں لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ بہاولپور سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔