بہاول پور:(نویداقبال چوہدری سے )پاکستان لائنز یوتھ کونسل اور بہاولپور سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام ضلع کونسل بہاولپور میں امن کا عالمی دن منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان لائنز یوتھ کونسل ڈاکٹر قیصر جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذر کھچی، اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد حسین، وائس چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب کمپلینٹ سیل رابعہ ملک، سینئر راہنماپاکستان تحریک انصاف عدیل اسلم، فرواتقوی پرجیکٹ منیجر،پاکستان علماء کونسل کے علامہ ارشد، بشپ جوزف،پیٹرجون، لالہ بہادر چوہان، غزالہ ندیم چیف آفیسر میاں اظہر جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عزیر، میاں مقبول جوئیہ، ملک امتیاز چنٹر، سول سوسائٹی کے ممبران اور سیاسی وسماجی کارکناں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہر شخص امن کا خواہاں ہے معاشرہ میں امن وامان کے قیام اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کی تقر یب کا انعقاد بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عملی زندگی میں برداشت اور صبر و تحمل کا مظاہر ہ کیا جائے۔ تقریب میں مقررین نے اظہار کرتے ہوئے معاشرتی اور امن کے فروغ کے لئے بہاولپور سپورٹ گروپ اور پاکستان لائنز یوتھ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان لائنز یوتھ کونسل ڈاکٹر قیصر جاوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا۔ انہو ں نے کہا کہ بہاولپور سپورٹ گروپ کا بنیادی مقصد بین المذاہب ہم آئنگی کو فروغ دینا ہے تاکہ امن وامان کی فضاء برقرارہ سکے۔ تقریب میں دیوالی کا کیک کاٹا گیا۔ قبل ازایں ضلع کونسل بہاولپور کے دفتر سے امن کی عالمی دن کے حوالہ سے واک کی گئی۔ جس میں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کا ٹھیا، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان لائنز یوتھ کونسل ڈاکٹر قیصر جاوید،سیاسی و سماجی راہنما سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔