کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں مبینہ طور پر سڑک بند کر کے غیر ملکیوں کا شکار کرنے والوں کی ویڈیو بنانے والے ناظم جوکھیو کے قتل کیس میں نامزد ایم پی اے جام اویس سمیت تینوں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کر دی گئی ۔
واضح رہے کراچی میں ملیر میمن گوٹھ میں با اثر افراد کے سڑک بند کر کے شکار کھیلنے کی ویڈیو بنانے والا ناظم قتل ہو گیا ، ناظم کی لاش ویرانے سے برآمد ہوئی تھی ۔ مقتول کے بھائی نے علاقائی ایم پی اے جام اویس گہرام اور ان کے بھائی کریم گہرام پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کے لئے ناظم پر دباؤ ڈالا ، انکا رپر ناظم کو اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ناظم کی وفات ہو گئی ۔
ناظم جوکھیو کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشیل دی گئی ہے جس میں ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کی سربراہی میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون ، ایسٹ ٹو ، ڈی ایس پی میمن گوٹھ ، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن ون اور دیگر شامل ہیں ۔ ٹیم روزانہ کی بنیاد پر کیس سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کرے گی ۔
ناظم جوکھیو قتل کیس ، ایم پی اے جام اویس سمیت تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع
