بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے ) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم کو اپنی ناقص کارکردگی کی بدولت آئندہ جنرل الیکشن میں عبرتناک شکست کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں اس لیے وہ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن چورانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جبکہ ای وی ایم پر پیپلزپارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں اور خود حکومتی اتحادیوں کے بھی تحفظات ہیں اس لیے کٹھ پتلی وزیراعظم نے آئینی ترامیم میں شکست کے خوف سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بھی ملتوی کروا دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سلیکٹڈ حکومت کے ان آمرانہ ہتھکنڈوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی ہے اور قواعد و ضوابط کے برعکس کوئی بھی آئینی ترامیم ہرگز بلڈوز نہیں کرنے دے گی۔انہوں نے کہاکہ نااہل وزیر اعظم کی سوا تین سالہ کارکردگی زیرو بٹا زیرو ہے اور ناقص حکومتی کارکردگی کے حوالے سے متعدد پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی و اتحادی نجی محفلوں میں اس کا کھلم کھلا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی و بے روزگاری نیازی سرکار کے گلے کا طوق بن چکی ہے اور نااہل وزیراعظم کو گھر بھیجے بغیر اس سے چھٹکارہ ممکن نہیں۔