ساہیوال(خاورعلی چوہدری سے)ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس احمدخاور شہزاد کا دورہ ہڑپہ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کے تعمیراتی کام کا معائنہ، تمام کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ احمد خاور شہزاد کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی ہدایت پر ڈائریکٹر دویلپمنٹ احمد خاور شہزاد نے ضلع ساہیوال میں جاری کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زیر تعمیر منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے تمام منصوبوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی میعار چیک کیا۔ انہوں نے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور انہیں مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر دوردراز علاقوں کے مکینوں کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تیسرے مرحلے میں ساہیوال ڈویژن میں 80کروڑ روپے کی لاگت سے 83سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہڑپہ میوزیم میں جاری سکیم کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ اس ماہ کے آخر تک آڈیٹوریم میں ہر صورت ٹرانسفارمر نصف کروایا جائے تاکہ اسے فعال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹوریم کے فنگشنل ہونے سے سیاحوں کو وادی سندھ کی تہذیب سے مکمل آگہی فراہم کرنے میں بڑی مدد ملے گی اور زیادہ سے زیادہ سیاح ہڑپہ میوزیم کی سیر کو آئیں گے۔ ہڑپہ میوزیم کے کیوریٹر احمد نواز ٹیپو اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو بھی ان کے ہمراہ تھے۔