دبئی(نمائندہ خصوصی)دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمٰن فلکناز نے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق عبدالرحمٰن فلکناز نے کہا کہ سب سے اچھی چیز یہ ہوگی کہ یہاں پاکستان اور بھارت کے میچ ہوں گے، برسوں پہلے جب شارجہ پاک بھارت میچوں کی میزبانی کرتا تھا تو جنگ سا ماحول ہوتا تھا لیکن یہ ایک مثبت اور کھیلوں کی جنگ تھی جو لاجواب تھی۔سیاسی تناو کی وجہ سے پاکستان اور بھارت نے 2013 کے بعد سے دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی، پاکستان نے آخری مرتبہ 2013 میں دو ٹی20 اور تین ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ مجھے یاد ہے بالی ووڈ اداکار راج کپور ایک بار اپنے اہلخانہ کے ساتھ یہاں میچ دیکھنے آئے تھے، ایوارڈ کی تقریب کے موقع پر انہوں نے مائیک تھامتے ہوئے کہا تھا کہ شارجہ میں یہ پاک بھارت کرکٹ کی جنگ کتنی شاندار ہیں، کرکٹ لوگوں کو یکجا کرتا ہے، کرکٹ نے ہمیں اکٹھا کیا ہے اور ہمیں اسی طرح رہنے دیا جائے۔عبدالرحمٰن نے کہا کہ ہم بھی یہی کرنا چاہیں گے، اگر ہم بھارت کو پاکستان کے خلاف سال میں ایک یا دو بار یہاں آنے اور کھیلنے پر آمادہ کر سکتے ہیں تو یہ بہت اچھا ہوگا۔
پاک بھارت سیریز کے لیے دبئی کرکٹ کونسل کے چیئر مین نے بڑا اعلان کردیا
