بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبہ جات بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں نعمان یوسف، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن (ر)محمد وسیم، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سیف اللہ اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب رندھاواسمیت ڈویژن بھر کے انتظامی افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اورسیپ(SAP)کے تحت ترقیاتی منصوبہ جات پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویژن بھر میں 658ترقیاتی منصوبوں پر رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 17236ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔ کمشنر بہاول پورنے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ضلع بہاول پور کے294 جاری ترقیاتی منصوبوں پر 6750 ملین روپے، ضلع بہاول نگر کے143ترقیاتی منصوبو ں پر3401ملین روپے جبکہ ضلع رحیم یارخان کے221ترقیاتی منصوبوں پر 7086 ملین روپے صرف کیے جائیں گے۔ نیزکمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت211 جاری ترقیاتی منصوبوں پر رواں مالی سال کے دوران1952 ملین روپے اور سیپ پروگرام کے تحت596 جاری ترقیاتی منصوبوں پر1305ملین روپے کے فنڈز بھی صرف کیے جائیں گے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اورتعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ضروری التواء سے بچنے کے لیے انتظامی افسران بروقت اقدامات بروئے کار لائیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے انتظامی افسران تواتر کے ساتھ فیلڈ وزٹ کریں تاکہ ترقیاتی منصوبہ جات میں شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں مقرر مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔