بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام (GERD)یعنی معدہ میں تزابیت اور سینے میں جلن جیسی تکالیف سے آگاہی بارے سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ نامور معالج پروفیسر ڈاکٹر اظہر منیر نے بطور مہمان سپیکر شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اظہر منیر نے اپنے توسیع لیکچر میں زیادہ کھانے اور وقت پر کھانا نہ کھانے کے نقصانات بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کل لوگ زیادہ تر دیر سے کھانا کھاتے ہیں اور ساتھ کولڈ ڈرنکس یا مشروب وغیرہ استعمال کرتے ہیں جو کہ معدہ اور آنتوں کیلئے نہایت نقصان دہ ہے۔ڈاکٹر اظہر منیر نے کہا کہ وقت کے ساتھ کھانوں کی انواع و اقسام نے ہماری عادتوں کو یکسر تبدیل کر دیا ہے ۔ہمارے معدہ کو قدرت نے باہر کی بازاری چیزوں کیلئے نہیں بنایا۔ ان کامزید کہنا تھا کہ صحت مند ذہن کیلئے صحتمند خوراک ضروری ہے اس لئے بسیار کی بجائے خوش خوراک رہیں تاکہ آپ صحتِ مند اور لمبی زندگی گزار سکیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف نے مہمان سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ مناسب اور تازہ موسمی خوراک کو استعمال کرتے ہوئے صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ وہ تندرست و توانا رہ سکیں۔ سیمینار کے اختتام پر مہمان سپیکر ڈاکٹر اظہر منیر کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف کی جانب سے اعزازی سوینیئر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف کی زیر صدارت یونیورسٹی میں GERD آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ سیمینار و آگاہی واک میں یونیورسٹی اساتذہ سمیت طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔