بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) ڈائریکٹرپنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاول پور سلیم قیصر نے کہا ہے کہ خطہ بہاول پور کی موسیقی امن و محبت کے رنگوں سے لبریز ہے۔انہوں نے یہ بات بہاول پور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام فیملی میوزیکل پروگرام”شام غزل و گیت” میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت ہماری پہچان اور ہمارا چہرہ ہے اور اس کے خوبصورت رنگوں کو تحفظ دینا اور اگلی نسل کو منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور کا خطہ فن و ثقافت کی اعلی اقدار سے مالا مال ہے اوریہاںکے فنکار بہترین صلاحیتوں کے حامل ہیں۔محفل موسیقی میں مصباح رانی،اورنگزیب،محمود خان،شکیلہ خان اور شازیہ ناز نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور معروف شعرا ء کی غزلیات اور گیت پیش کیے۔ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے موسیقی کے اس پروگرام میں شرکت کی اور آرٹس کونسل کی اس سرگرمی کی تعریف کی۔