کراچی۔ (غلام مصطفے عزیز):آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے رکن علیم ڈار، احسن رضا کے ساتھ مل کر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں فیلڈ امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے، یہ دونوں امپائر آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بدھ کے روز یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تجربہ کار امپائر علیم ڈار دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے تین آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ فکسچر کے لیے آن فیلڈ امپائر بھی ہوں گے، اور ان کے ساتھ دوسری جانب آصف یعقوب، احسن رضا اور راشد ریاض بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچوں میں شامل ہوں گے۔ میچ ریفری محمد جاوید ملک تمام چھ میچوں میں پلیئنگ کنٹرول ٹیموں کی قیادت کریں گے۔ تمام میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔13 دسمبر کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائر)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، راشد ریاض (فورتھ امپائر) اور محمد جاوید ملک (میچ ریفری) کے فرائض انجام دیں گے جبکہ 14 دسمبر کو کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں احسن رضا اور آصف یعقوب (آن فیلڈ امپائر)، راشد ریاض (تھرڈ امپائر)، فیصل آفریدی (فورتھ امپائر)، محمد جاوید ملک (میچ ریفری) ہوں گے۔ اسی طرح 16 دسمبر کو کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں علیم ڈار اور راشد ریاض (آن فیلڈ امپائر)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، فیصل آفریدی (فورتھ امپائر)، محمد جاوید ملک (میچ ریفری) کے فرائض انجام دیں گے۔18 دسمبر کو کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں علیم ڈار اور آصف یعقوب (آن فیلڈ امپائر)، احسن رضا (تھرڈ امپائر)، فیصل آفریدی (فورتھ امپائر)، محمد جاوید ملک (میچ ریفری) جبکہ20 دسمبر کو کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائر)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، راشد ریاض (فورتھ امپائر)، محمد جاوید ملک(میچ ریفری) اور22 دسمبر کو کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں علیم ڈار اور راشد ریاض (آن فیلڈ امپائر)، احسن رضا (تھرڈ امپائر)، آصف یعقوب(فورتھ امپائر)، محمد جاوید ملک(میچ ریفری) ہوں گے۔