بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور کے32ویں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس کے9رکنی افسران کے وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سعدیہ نسیم غزالہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے زیر تربیت افسران کو بہاول پور ڈویژن کے تاریخی، جغرافیائی و ثقافتی پس منظر بارے آگاہی دی۔ انہوں نے ڈویژن کے معاشی و سماجی تعمیرو ترقی اور مستقبل کے امکانات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے بہاول پور ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورت حال اور خطے میں سیر و سیاحت کے فروغ اور دیگر انتظامی امور بارے تبادلہ خیال کیا اور زیر تربیت افسران کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ایڈیشنل کمشنر اشتمالات طارق محمود بخاری، ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔