بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ 13دسمبر سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دورا ن پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ اس دوران ایک بچہ بھی پولیو کی خوراک سے محروم نہ رہے۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر ڈی ایچ اوز، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیم ممبران کی باقاعدہ ٹریننگ کی جائے اور پولیو ٹیموں کے ممبران جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر اپنے فرائض انجام دیں۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر خالد چنڑ نے بریفنگ میں بتایا کہ 13سے15ستمبر تک گھر گھر جا کر پولیو ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ اور کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو16 اور17 دسمبر کو کیچ اپ ایکٹیویٹی کے تحت پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 7لاکھ60ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین دی جائے گی۔ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 2343 موبائل ٹیمیں،173فکسڈ ٹیمیں اور133 ٹرانزٹ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہوں گی اور477 سپروائزر خدمات سرانجام دیں گے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاٹ سپاٹس کی سو فیصد کوریج یقینی بنائی جائے نیز اینڈرائڈ یوزر سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ایک جگہ ٹھہرنے نہ دیا جائے۔ علاوہ ازیں گھر، دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم جنوری سے7 دسمبر 2021ء تک ڈینگی کے1441 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے107کیسر کنفرم ہیں۔ ڈاکٹر خالد چنڑ نے بتایا کہ ضلع بھر میں ویکٹر سرویلنس کی جارہی ہے۔ ضلع میں 412 ان ڈور اور108آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیمیں فعال ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں 1694 ہاٹ سپاٹس ہیں جو کہ29نومبر سے5دسمبر 2021 ء کے دوران سو فیصد کور کر لیے گئے ہیں۔