استنبول(نمائندہ خصوصی)ترک سیکیورٹی فورسز نے ملک کے مالیاتی و ثقافتی گڑھ استنبول سے عالمی دہشت گرد تنظیم’ داعش‘ کے 14 مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے،دوسری طرف سیکیورٹی فورسز نےایک آپریشن میں مطلوب ترین خاتون دہشت گردسمیت چھ افراد ہلاک کردیئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک پولیس کے دستوں نے بیک وقت نو اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار افراد میں 13 غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کی شناخت کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔مشتبہ افراد مبینہ طور پر استنبول میں گروہ کیلئے ممبران کی بھرتی، سوشل میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا کرنے سمیت گروہ کو مالی ولاجسٹک امداد فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔
دوسری طرف ترک سیکیورٹی فورسز نے ضلع ماردین کے علاقے باگوک میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ،ہلاک ہونے والوں میں حرا نامی خاتون دہشت گرد بھی شامل تھی ،جو ترکی کو گرین لسٹ میں بھی مطلوب تھی اور اس کے سر پر بیس لاکھ ترک لیرے کا انعام مقرر تھا ۔
عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی جانب سے 2015 ءکے بعد سے ترکی میں متعدد حملے کیے جا چکے ہیں جن میں یکم جنوری 2017 ءکو سال نو کی تقریبات کے دوران استنبول میں ایک نائٹ کلب پر حملہ بھی شامل ہے جس میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔