بہاولپور (نویداقبال چوہدری سے) میونسپل کارپوریشن میں شاندار محفل نعت کا انعقاد‘معروف نعت خوانوں نے حاضرین کے دل عشق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے منور کیے اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے خوب داد وصول کی۔ تفصیلات کے مطابق میئر عقیل نجم ہاشمی کی ہدایت اور چیف آ فیسر ملک نصراللہ کی نگرانی میں ایک شاندار محفل نعت دفتر میونسپل کارپوریشن بہاولپور میں منعقد کی گئی۔جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں شہباز قمر فریدی، مقبول احمد جوئیہ، آ صف فریدی اور دیگر نعت خوانوں نے سعادت نعت حاصل کی۔ میئر عقیل نجم ہاشمی نے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محفل نعت میں بھرپور شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اس محفل میں آ ئے نہیں، لائے گئے ہیں کیونکہ محبوب کی محفل کو محبوب سجاتے ہیں، آ تے ہیں وہی جن کو سرکار صلی اللہ علیہ وسلم بلاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محفل نعت کا انعقاد اعزاز کی بات ہے تو وجہہ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں میں نام آ نا خوش قسمتی کی بات ہے۔چیف آ فیسر ملک نصراللہ نے کہا کہ اللہ اور اس کے فرشتے محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اور اللہ پاک نے ایمان والوں کو بھی درود وسلام بھیجنے کی دعوت دی ہے۔ ایسے میں ہمیں اپنے محبوب کی محفل کے انعقاد کی استطاعت اور موقع عطا کرنا خوش قسمتی کے مترادف ہے۔انہوں نے ادارہ کے ملازمین اور محفل میں شرکت کرنے والے شرکاء کومبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف و توصیف کی محفل کا انعقاد کی ادا پسند آ جائے اور یہی اقدام بخشش کا سبب اور رحمتوں کے حصول کا ذریعہ بن جائے۔اس موقع پرمحفل نعت کے انعقاد میں معاونت کرنے پر ادارہ کے افسران و اہلکاروں کو شیلڈز بھی دی گئیں۔