بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے منظر عام پر آنے کے بعد حکومت پنجاب نے کورونا ویکسینیشن مہم کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔ گھر گھر ویکسی نیشن کا سلسلہ تیز کیا جائے تاکہ ہر شہری کو محفوظ بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور میں منعقدہ محکمہ صحت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ 31 دسمبر تک مقرر کردہ ہدف کے حصول کیلئے منظم انداز میں بھر پور مہم چلائی جائے۔ میرج ہالز، ریسٹورینٹس اور دیگر عوامی جگہوں پر کیمپ لگا کر ٹیمیں موثر انداز میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ مہم کے تحت ہر گھر تک فیلڈ ٹیمیں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائیں۔ سیکرٹری زراعت نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے روزانہ کے ٹارگٹ کو پورا کریں اور اسی دن پورٹل پر اندراج کریں۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ دریں اثنا سیکرٹری زراعت نے ریڈ مہم کے سلسلہ میں جاری سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے بی ایچ یو مہراب گوٹھ کا دورہ کیا۔ کھیتوں میں کام کرتے کسانوں سے ویکسی نیشن بابت دریافت کیا اور فیلڈ ٹیموں کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔