• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے پاکستان انفارمیشن سیکیورٹی ایسوسی ایشن(PISA)کے زیر اہتمام ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔

Dec 24, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن(ر)ظفر اقبال اعوان کی ہدایت پرگزشتہ سے پیوستہ روزڈسٹرکٹ پولیس لائنز بہاول پورکے شہیدکانسٹیبل محمدلطیف کانفرنس ہال میں جرائم پر قابو پانے کے جدید طریقہ کاراورتفتیش میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے پاکستان انفارمیشن سیکیورٹی ایسوسی ایشن(PISA)کے زیر اہتمام ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ورکشاپ میں سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عمار جعفری نے پولیس افسران واہلکاران کو تفتیش اور جرائم پر قابو پانے کے جدید طرز طریق سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں ترقی اور جدت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ افراد نے جرم کے نت نئے طریقے اختیارکر لیے ہیں جس کی وجہ سے ضروری ہوگیا ہے کہ پولیس میں جرائم پر قابو پانے، اس کے سراغ اور ملزم کو انجام تک پہنچانے کے لیے تفتیش میں جدت کو تیزی سے اپنایا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بلاتاخیر نمایاں طور پر بہتر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے پولیس کا کردار بنیادی اور اہم ہے کیونکہ کسی بھی جرم ہونے کی صورت میں پولیس سب سے پہلے ریسپانڈر ہوتی ہے۔ ورکشاپ میں اے ایس پی سٹی سرکل سمیت ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز،ڈی ایس پی لیگل II،انسپکٹرلیگل، ضلع کے ایس ایچ اوز وتفتیشی افسران کے علاوہ،او ایس آئی،انچارج اینٹی وویمن حراسمنٹ سیل ،پی ایس اوٹوڈی پی او، انچارج آئی ٹی، سی ڈی آر برانچ اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عمار جعفری نے کہا کہ ایسی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد پولیس کی معیاری تفتیش اور جرائم کے خاتمے اورملزمان کو جلد قابو پانے میں بہتری کے لیے ضروری ہے۔پولیس نے بلاشبہ وقت کے تقاضوں کے ساتھ اپنے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کیاہے جس کے مثبت نتائج مل رہے ہیں تاہم بہتری کی گنجائش ہر وقت موجود رہتی ہے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کیپٹن (ر)ظفر اقبال اعوان نے ورکشاپ کے حوالے سے جاری پیغام میں کہا کہ پولیس کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تفتیشی صلاحیت میں بہتری کے لیے پنجاب پولیس میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔پولیس کا جدید کمپیوٹرائزڈ سسٹم اس بات کی دلیل ہے کہ جرم پر قابو پانے،جرائم کاجلدسراغ لگانے اورمجرم کو قابو کر کے انجام تک پہنچانا کم سے کم وقت میں ممکن ہوا ہے۔ پولیس افسران کے لیے ایسی تربیتی ورکشاپ کا سلسلہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھادیا گیا ہے تاکہ پولیس کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ ورکشاپ کے اختتامی سیشن میں سوال و جواب کا سلسہ ہوا جس پر تفتیشی افسران نے پیشہ ورانہ امور کے حوالہ سے مختلف سوالات کئے اور سینیئر افسران نے ان سوالات کے جواب دیئے۔ شرکاء نے ورکشاپ پیشہ ورانہ امور کی بہتری کے لیے اہم قرار دیا۔