لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے ملک میں موسم سرما میں گیس کے شدید بحران اور صنعتیں چلانے کیلئے گیس کی نایابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے انڈسٹری کو گیس فراہم نہ کرنے سے ملکی معیشت کو ناقابل برداشست نقصان ہو رہا ہے جبکہ متبادل ذرائع استعمال کرنے سے پیداواری لاگت میںاضافہ ہو رہا ہے،صنعتوں کی پیداواری صلاحیت شدید متاثرہو رہی ہے جو کہ شرح نموپربری طرح اثر اندازہو گی،حکومت انڈسٹری کو گیس سپلائی فوری بحال کرے۔
سینئر وائس چیئرمین پیاف ناصرحمید نے کہا کہ گیس بحران کے خاتمہ کیلئے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ فی الفور پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ مستقبل میں انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی تعطل کا شکار نہ ہو, وزیراعظم اس معاملے میںمداخلت کریں ااور گیس بحران کے ذمہ داروں کو سزا دلوائیں کیونکہ یہ حکومت کو کا ناکام بنانے کے لئے ایک سازش ہے ۔
انہوں نے کہا صنعتوں کو سستا ایندھن ملے گا تاکہ صنعتیں چلتی رہیں، روزگار ملتا رہے اور ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوسکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے, موسم سرما میں گیس کی بندش سے اکثر صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگاری کا شکار ہو جاتے ہیں۔