• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

نااہل حکمران ٹولہ ضمنی بجٹ کے ذریعے ٹیکسوں کی بھرمار کرکے قوم کا مزید بھرکس نکالنا چاہتا ہے

Dec 29, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)پاکستان پیپلز پارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ ،ضلعی جنرل سیکرٹری ارشاد احمد سرویا،انسانی حقوق ونگ کے ضلعی صدر کلیم اللہ ایڈووکیٹ،اور ڈپٹی ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک عبدالحنان اختر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نااہل حکمران ٹولہ ضمنی بجٹ کے ذریعے ٹیکسوں کی بھرمار کرکے قوم کا مزید بھرکس نکالنا چاہتا ہےجس کی پیپلزپارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر بھرپور مخالفت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں تاریخی مہنگائی نے غریب عوام سمیت ہر مکتبہ فکر کی چیخیں نکلوا دی ہیں اور ادویات و بنیادی ضرورت کی تمام اشیاء انکی قوت خرید سے اس قدر باہر ہو چکی ہیں کہ غریب لوگ خود کشیوں پر مجبور ہیں مگر کٹھ پتلی وزیراعظم کو مہنگائی میں کمی اور معیشت میں بہتری نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر قدغن لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی سرکار کی تباہ کاریوں پر پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور جیالے کارکنان چپ نہیں رہ سکتے کیونکہ عوام کے حقوق غصب کرنے والوں اور معاشی تباہی کے ذمہ داروں کو جلد یا بدیر قوم کو حساب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی وزیراعظم کا سردیوں کے بعد مہنگائی میں کمی کا عندیہ پریشان حال قوم کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ساڑھے تین سال قوم کے ساتھ جھوٹ بولنے و سہانے سپنے دیکھانے کے سوا کچھ نہیں کیا اور ملک کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کی بجائے مسائلستان بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ متوقع بلدیاتی انتخابات میں حکمرانوں کو شدید عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا اور عبرتناک شکست پی ٹی آئی امیدواروں کا مقدر بنے گی۔انہوں نے کہاکہ تباہی سرکار کے ناعاقبت اندیش فیصلے وطن عزیز پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں اور عمران نیازی سیاسی شہید بننے کی راہیں تلاش کر رہا ہے مگر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہترین حمکت عملی و سیاسی بصیرت کی بدولت عمران نیازی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا اور وہ قوم کی بد دعاوں سے ہر صورت ذلیل و رسوا ہو کر وزیراعظم ہاوس سے نکلے گا۔