لاہور (نمائندہ خصوصی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ احمد شہزاد کو پی ایس ایل میں پرفارمنس کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ایک میچ میں پرفارم نہ کرنے پر کسی کو ٹیم سے ڈراپ کرنا مناسب نہیں ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بارے میں کہا کہ کل ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، ہم نے غلطیاں کیں جبکہ سری لنکا نے اچھی کرکٹ کھیلی ۔
عمر اکمل اور احمد شہزاد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد کی پی ایس ایل میں پرفارمنس اچھی تھی اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، عمر اکمل سے متعلق کہا جارہا تھا کہ انہیں موقع نہیں دیا جارہا ، انہیں ماضی کی کارکردگی کی بنا پر موقع دیا ہے اور ید ہے کہ ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایک میچ میں پرفارم نہ کرنے پر کسی کو ٹیم سے ڈراپ کرنا مناسب نہیں ہے، جب ٹیم میں تبدیلیاں کرتے ہیں تو پرفارمنس میں فرق ضرور پڑتا ہے، تھوڑا صبر ہونا چاہیے، ایک اننگ سے فیصلہ نہیں ہوتا،احمد شہزاد اور عمر اکمل کو بھرپور موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچ رہے ہیں، کوشش کریں گے کہ نئے کھلاڑیوں کو زیادہ موقع دیا جائے۔