نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) بھارت نے ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو 203 رنز سے شکست دے دی۔ دونوں اننگزوں میں سنچریز سکور کرنے والے بھارت کے اوپننگ بلے باز روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے دوسری اننگ کے بعد دیے جانے والے 395 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقن ٹیم 191 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ پروٹیز کے نویں نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے ڈین پیڈٹ 56 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر قرار پائے ، دوسری اننگ میں سینوران متھوسامے نے 49 اوراوپنر مرکرم نے 39 رنز کی اننگ کھیلی۔ مذکورہ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے 4 کھلاڑی کوئی بھی رن بنائے بغیر پویلین لوٹے۔
انڈیا کی جانب سے دوسری اننگ میں محمد شامی نے تباہ کن باﺅلنگ کی اور 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا ۔ جدیجا نے بھی شامی کا بھرپور ساتھ دیا اور 4 وکٹیں لے آرے جبکہ ایشون کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم نے پہلی اننگ میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 502 رنز بنائے اور اننگ ڈکلیئر کردی تھی۔ اس کے جواب میں افریقن ٹیم 431 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی تھی۔ دوسری اننگ میں انڈین ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 323 رنز بنائے اور اس بار بھی اننگ ڈکلیئر کردی تھی۔