• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستانی شوبز کے وہ ستارے جن میں 2021 میں علیحدگی ہوئی

Dec 31, 2021

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سال 2021ءختم ہونے کو ہے۔ اس سال میں جہاں شوبز انڈسٹری کے کئی ستارے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، وہیں بدقسمتی سے کچھ جوڑوں میں علیحدگی بھی ہوئی۔

ان شوبز ستاروں میں اداکارہ صبا قمر سرفہرست ہیں، جن کی ابھی منگنی ہی ہوئی تھی اور وہ شادی کا اعلان کر چکی تھیں کہ ان کے منگیترعظیم خان پر خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے متعلق نازیبا گفتگو کرنے کا الزام عائد کر دیا گیا۔ بظاہر اس الزام کی وجہ سے صبا قمر نے عظیم خان سے شادی کرنے سے انکار کر دیا اور منگنی توڑ ڈالی۔

رواں سال اداکارہ زویا ناصر اور جرمن ٹریول ولاگر کرسچین بیزمین کی جوڑی بھی سوشل میڈیا پر بہت مقبول رہی۔ کرسچین کے متعلق بتایا گیا کہ اس نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ دونوں کی منگنی بھی ہو گئی اور انہوں نے شادی کا اعلان بھی کر دیا مگر پھر اچانک کرسچین کی طرف سے اسلام کے متعلق کچھ متنازعہ بیانات سامنے آئے جن کے بعد زویا نے اس کے ساتھ تعلق ختم کر لیا۔ زویا نے منگنی توڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرسچین کے اسلام اور پاکستان کے متعلق خیالات ناقابل برداشت تھے جن کی وجہ سے انہوں نے اس کے ساتھ رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اداکار علی انصاری اور مشعل خان کے ایک دوسرے سے الگ ہونے کی خبر نے بھی رواں سال سوشل میڈیا پر کافی ہلچل پیدا کی۔ علی اور مشعل جب تعلق میں تھے تو ان کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں اور شادی کرنے والے ہیں تاہم اچانک ان کے الگ ہونے کی خبر سامنے آئی اور پھر چند ماہ بعد علی نے اداکارہ صبور علی کے ساتھ منگنی کر لی۔

اداکارہ فریال محمود اوراداکار دانیال راحیل مئی 2020ءمیں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ دونوں کی علیحدگی کی اگرچہ کوئی مصدقہ خبر نہیں آئی تاہم فریال محمود نے ایک ٹی وی شو کے دوران کہا تھا کہ اب وہ ایک بار پھر ’سنگل‘ ہیں۔ ان کے اس بیان سے ان کی طلاق کی افواہ پھیلنی شروع ہوئی، جس کی فریال اور دانیال دونوں کی طرف سے تردید کر دی گئی۔ طلاق کی افواہ پر فریال کا کہنا تھا کہ ”میں چاہتی ہوں کہ لوگ میری شادی کو مجھ پر اور میرے شوہر پر چھوڑ کر اپنی زندگی کے مسائل کی فکر کریں۔ میں اپنے شوہر کے ساتھ بہت خوش ہوں۔“