لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیگی رہنما بلال یاسین پر حملہ کرنے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او) لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سی سی پی او نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز لاہور سے رپورٹ مانگ لی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بلال یاسین پر حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی ہے، ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا “مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ۔ پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللّہ نے بچا لیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرہ سے باہر ہے۔اللّہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے۔ سب سے دعا کی درخواست ہے”
خیال رہے کہ بلال یاسین پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے ۔ بلال یاسین پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ داتا صاحب دربار کے علاقے میں ایک لیگی کارکن کی عیادت کے بعد موٹر سائیکل پر واپس جا رہے تھے۔انہیں میو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا آپریشن کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دو گولیاں لیگی رہنما کے پیٹ اور ایک گولی ٹانگ میں لگی ہے۔