بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے پٹوار خانہ نزدڈ سٹرکٹ اکاؤنٹس آفس بہاول پور میں ریونیو عوامی خدمت کچہری میں سائلین کے ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی نعیم صادق چیمہ، سب رجسٹرار، محکمہ ریونیو کے افسران و متعلقہ فیلڈ عملہ موجود تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلع بھر کی تحصیلوں میں ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ڈے ریونیو عوامی خدمت کچہری منعقد کی جارہی ہیں تاکہ ایک ہی جگہ پر عوام کے ریونیو سے متعلق مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری میں درستگی ریکارڈ، انتقالات کا اجراء، فرد ملکیت کا اجراء، رجسٹری، معائنہ ریکارڈ، انکم سرٹیفیکٹ اور ریونیو سے متعلق دیگر معاملات میں درپیش مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر کاؤنٹر برائے درستگی ریکارڈ، معائنہ ریکارڈ، فرد کا اجراء، اندراج انتقالات اور دیگر کاؤنٹرز قائم کیے گئے جہاں متعلقہ ریونیو فیلڈ سٹاف موجود تھا۔ ریونیو عوامی خدمت کچہری بہاول پور ضلع کی تمام تحصیلوں میں منعقد کی گئیں جن میں متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے لوگوں کے ریونیو سے متعلق مسائل اور شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ریونیو فیلڈ سٹاف موجود تھا۔