• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایلون مسک کی کمپنی ’ ٹیسلا‘ کوخرابی کی وجہ سے لاکھوں گاڑیاں واپس منگوانا پڑگئیں

Jan 2, 2022

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی الیکٹرک کار ساز کمپنی ’ٹیسلا‘ نے تکنیکی خرابیوں کے سبب اپنی 4لاکھ 75ہزار گاڑیاں واپس منگوا لیں۔ سی این این کے مطابق ان گاڑیوں میں ’ریئرویو کیمرے‘ اور ’فرنٹ ٹرنک‘ میں خامیاں موجود تھیں۔ یہ خامیاں 2017ءسے 2020ءکے دوران بنائی گئی ٹیسلا ماڈل 3کی گاڑیوں میں سامنے آئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیسلا نے گزشتہ سال لگ بھگ اتنی ہی گاڑیاں فروخت کی تھیں، جتنی اب اس نے واپس منگوا لی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے ماڈل ایس تھری کی تیار کردہ گاڑیوں میں سے ایک فیصد کے ریئر ویو کیمرے میں خامی پائی گئی۔ یہ خامی ٹرنک کی خرابی سے منسلک تھی کیونکہ ان گاڑیوں میں ٹرنک کے بار بار کھلنے اور بند ہونے کی وجہ سے ہی کیمرے کی کیبل کو نقصان پہنچا اور کیمرے نے کام کرنا چھوڑ دیا۔

گاڑیوں کے فرنٹ ٹرنک میں ایک مسئلہ یہ بھی تھا کہ یہ خود بخود کھل جاتا تھا۔ ریئر ویو کیمرے کا نہ چلنا اور دوران ڈرائیونگ فرنٹ ٹرنک کا کھل جانا، دونوں صورتیں ہی سنگین نوعیت کے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی طرف سے ان گاڑیوں کو واپس منگوایا گیا ہے۔