• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

راج کمار کے نام سے ای میل کرکے جعلساز نے فلم بنانے کیلئےکروڑوں روپے مانگ لیے لیکن کامیاب ہوا یا نہیں؟ اداکار نے سکرین شاٹ شیئرکردیا

Jan 6, 2022

ممبئی (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ پر مالی فراڈ اور دھوکے بازی عام ہوتی جارہی ہے، بھارت میں ایک جعلساز نے بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ کا نام استعمال کرکے 3 کروڑ بھارتی روپے سے زائدکا فراڈ کرنےکی کوشش کی تاہم اسے کامیابی نہ مل سکی۔

راج کمار راؤ نے انسٹا گرام سٹوری پر ایک سکرین شاٹ شیئرکیا جس میں راج کمار راؤ کے نام سے ایک ای میل کی گئی تھی۔ای میل کے متن سے ظاہر ہوتا ہےکہ جعلسازکی جانب سے خود کو راج کمار ظاہرکرکے کسی شخص سے فلم بنانےکے لیے پیسے اینٹھنےکی کوشش کی گئی ہے، جعلساز کی جانب سے بھارتی فلمساز سنتوش ماسکے کا نام استعمال کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ انہوں نے ‘ہنی مون پیکج’ نامی فلم لکھی ہے اور وہی اس کی ہدایت کاری کریں گے، ای میل میں جعلساز نے اپنے ‘شکار’ سے فلم کی فیس کی مد میں 3 کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے (کل فیس کا 50 فیصد) بیعانہ (ایڈوانس) طلب کیا ہے۔

تین کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں سے 3 کروڑ بینک اکاؤنٹ میں اور 10 لاکھ نقددینے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہےکہ بیعانہ کی ادائیگی کی صورت میں ہی ان کا مینیجر سومیا ان سے ملاقات کرےگا اور فلم کے معاہدے پر دستخط ہوں گے، جعلساز نے رقم کی ادائیگی کی صورت میں 6 جنوری کو ملاقات اور فلم کی کہانی سنانے کے لیے بھی وقت دے دیا۔

راج کمار راؤ نے اپنے مداحوں کو خبردار کرتے ہوئےکہا کہ یہ ایک جعلساز ہے جو کہ میرا نام استعمال کرکے لوگوں سے دھوکا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ راج کمار راؤ نے یہ بھی بتایا کہ سومیا نام کا ان کا کوئی مینیجر بھی نہیں ہے۔اداکار نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ ای میل ان تک کیسے پہنچی اور آیا انہوں نے اس فراڈ کی شکایت پولیس اور متعلقہ حکام کو ہی ہے یا نہیں۔