بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب شاہد حسن اور ڈپٹی کمشنربہاول پور عرفان علی کاٹھیا کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسربہاول پور طاہر عباس اور ان کی ٹیم کی جانب سے گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور میں فائر فائٹنگ کے حوالے سے ایک فرضی مشق کا اہتمام کیا گیاجسمیں آگ پر قابو پانے اور انسانی جان و مال کی حفاظت کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ نیزیونیورسٹی کے سیکورٹی سٹاف اور سیکورٹی اہلکاروں کو سول ڈیفنس کے حوالہ سے عملی تربیت بھی دی گئی۔اس موقع پر سیکورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ محمد اکبر موجود تھے۔بعد ازاں ویمن یونیورسٹی میں ایک سیمینار میں سیکورٹی سٹاف اور ادارہ کے اہلکاروں کو قدرتی آفات سے محفوظ رہنے اور آگ لگنے کے واقعات پر قابو پانے کے طریقہ کار اور جان و مال کی حفاظت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔سول ڈیفنس آفیسر طاہر عباس نے فائر سیفٹی ورکشاپ میں سیفٹی آلات اور ان کے استعمال بارے آگاہ کیااورسول ڈیفنس سے متعلقہ شرکائے سیمینار کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔سیکورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ اکبر نے ادارہ جات میں فائر فائٹنگ اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کے حوالہ سے دی جانے والی ٹریننگ پر محکمہ سول ڈیفنس کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔