لاہور (نمائندہ خصوصی) مقامی عدالت نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے کیس میں پیش نہ ہونے پر گلوکارہ میشا شفیع کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
علی ظفر کی جانب سے دائر کیے گئے کیس میں اداکارہ عفت عمر اور علینا غنی سمیت دیگر ملزمان نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش ہو کر اپنی حاضری لگوائی۔ گلوکارہ میشا شفیع عدالت میں پیش نہیں ہوئیں بلکہ ان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا کہ وہ نجی مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔
عدالت نے گلوکارہ کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 فروری تک ملتوی کردی۔