کراچی(غلام مصطفے عزیز) آئی جی سندھ ڈاکٹرسیدکلیم امام سمیت پاکستان بھر سے آئے ہوئے پولیس افسران کے علاوہ فلم ”دال چاول” کی کاسٹ، ڈائریکٹر، پروڈیوسرز اور شوبز سے تعلق رکھنے والے دیگر فنکاروں نے اے این کے کی جانب سے بنائی گئی ایکشن ڈرامہ اور سچے واقعات پر مشتمل فلم دال چاول کے مقامی سینما میں منعقدہ پریمیئر شو میں شرکت کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فلم کی کہانی میں ایک ایسے معاشرے کو دکھایا گیا ہے جہاں جرائم عام ہیں اور لوگوں کی زندگیاں خوف و ہراسمنٹ کا شکار ہیں تاہم اس فلم کی کہانی کا اصل کردار شہدائے پولیس کی وہ قربانیاں ہیں جنہوں نے جرائم کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دیکر امن وامان کو اس کی حقیقی حالت میں بحال کیا ہے۔ آئی جی سندھ نے پریمیئر شوکے دوران کہا کہ فلم میں پولیس کا کردار حقیقت سے قریب تر ہے اور پرمارمنس بھی اچھی ہے۔ فلم کے ذریعے پاکستان پولیس کے افسران اور جوانوں سمیت مسلح افواج اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی بے مثال قربانیوں کو منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بعد سب سے زیادہ قربانیاں پولیس نے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم میں اکبرناصر نے مرکزی کردارا ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران اور جوان اپنے گھروں سے عوام کے جان ومال کے تحفظ جیسے فرائض کی ادائیگی کو ایک فرض سمجھ کر نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم سے پولیس کا امیج ناصرف مزید بہتر ہوگا بلکہ جرائم کے خلاف کارکردگی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ آئی جی سندھ نے میڈیا کا پولیس کے ساتھ تعاون پران کا بھرپور انداز سے شکریہ ادا کیا۔