• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7،بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان کا دن 4 فروری کو منایا جائے گا

Jan 26, 2022

کراچی(غلام مصطفے عزیز)۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منانے کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایونٹ 27سے 27 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ چھاتی کے سرطان کے مرض سے آگاہی کی مناسبت سے4 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پنک ربن ڈے منایا جائے گا۔اس روز کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اس روز گلابی رنگ کی ٹوپیاں پہنیں گے۔اسی طرح 15فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گولڈن ربن ڈے منایا جائے گا، جہاں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس روز کینسر میں مبتلا 2بچوں کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی دستخط شدہ شرٹس بطور تحفہ دی جائیں گی۔پنک ڈے پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لگی اسٹمپس کو پنک اور گولڈن ربن ڈے پر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لگی اسٹمپس کو گولڈن رنگ میں رنگا جائے گا۔ان دونوں روز، اسٹیڈیم میں نصب بڑی سکرینز پرمرض کی آگاہی سے متعلق پیغامات نشر کیے جائیں گے۔ کمنٹیٹرز بھی کمنٹری کے دوران اس روز کی مناسبت سے گفتگو کریں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر نے کہاہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا شمار دنیا کی چند مقبول ترین لیگز میں ہوتا ہے لہذا ہم اپنی معاشری ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ اس ملک کا مقبول ترین کھیل ہے، جو پوری قوم کو متحد کردیتا ہے۔ سلمان نصیر نے کہا کہ پی سی بی مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتا رہے گا۔