بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ کرپشن کے حوالے سے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حقیقت پر مبنی رپورٹ پر حکمرانوں کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ لٹیرے حکمران قومی خزانہ پر مال مفت دل بے رحم کی طرح ہاتھ صاف کر رہے ہیں اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے کرپشن کے سمندر غرق حکومتی لوٹ مار کا بھانڈہ بیج چوراہے پھوڑ دیا ہے جس سے تحریک انصاف کے نام نہاد احتساب کا نعرہ زمین بوس ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ مساوات اور غریب و امیر کے لیے ایک ہی قانوں کا راگ الاپنے والے کرپٹ وزیراعظم نے معمولی ٹیکس کے عوض “اپنے گھر بنی گالا” کو تو باقاعدہ قانونی قرار دلوا لیاجبکہ تجاوزات کی آر میں لاکھوں غریبوں کی جھگیاں گروا کر انہیں بے گھر کر دیا جبکہ عوامی لیڈر بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے 19 کچی آبادیوں کے آٹھ ہزار سے زائد مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کرکے پیپلزپارٹی کے منشور کے روٹی،کپڑا اور مکان کے نعرہ کو عملی جامہ پہنایا ہے جبکہ بذات خود بلاول بھٹو زرداری نے اس انقلابی منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 150 افراد کو بلاتفریق مالکانہ حقوق کی اسناد تقسیم کرکے مکینوں کے دل جیت لیے ہیں۔ملک شاہ محمد چنڑ نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری برسراقتدار آ کر پورے ملک میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیکر چھت فراہم کریں گے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھائیں گے۔