کراچی(غلام مصطفے عزیز ) پاکستان کوسٹ گارڈز نے کاروائی کرتے ہوئے 2 اسمگلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اعلی کوالٹی چرس برآمد کرلی، دوسری کاروائی میں چھالیہ اور انڈین گٹکا بھی برآمد کر لیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے وندر (بلوچستان) کے قریب واقع ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر دوران چیکنگ سیب سے لوڈ مزدا ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 73 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس برآمد
کر کے 2 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک اور کاروائی میں مزدا نما آئل ٹینکر سے 6820 کلو گرام چھالیہ اور 1350 پیکٹ انڈین گٹکا برآمد کر لیا ہے۔ پکڑی جانے والی منشیات، چھالیہ اور انڈین گٹگا کی عالمی مارکیٹ میںمالیت تقر یبا 496 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔